پنجاب کے میٹرک امتحانات کے نتائج کا پیر کے روز اعلان کردیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف کے ایک ایم پی اے غیر حاضر رہنے کے باعث فیل ہوگئے لیکن انہوں نے فیصل آباد بورڈ میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان اور کھیل ملک عمر فاروق میٹرک امتحانات میں فیل ہونے کے بعد پوزیشن ہولڈرز کی تقریبِ تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی بن گئے۔
فیصل آباد کے حلقہ پی پی 106 سے رکن صوبائی اسمبلی ملک عمر فاروق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور کھیل ہیں۔
ملک عمر فاروق نے رواں تعلیمی سال کیلیے فیصل آباد بورڈ میں میٹرک کے امتحان کیلیے پرائیوٹ طالب علم کے طورپرانرولمنٹ کرائی تھی تاہم وہ ہرپرچے میں غیرحاضر رہے اور فیل قرار پائے۔
میٹرک کے سالانہ نتائج میں ملک عمر فاروق خود تو غیرحاضری کی بنیاد پر فیل قرار پائے لیکن انہوں نے تعلیمی بورڈ کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز طلبا میں میڈلز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ بیرون ملک سے کاروبار چھوڑ کر قوم کیلیے کچھ کرنے آیا ہوں، یہ مشکل وقت ہے لیکن اس سے میرا حوصلہ مزید بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، میرا وژن کچھ اور ہے، تعلیم وہی ہے جو اخلاق اور وژن میں نظر آئے۔