سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی۔

 پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش۔8 افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث 8 افراد جاں بحق اور درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے پیشگوئی کر دی۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) اور تونسہ کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

طوفانی بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا، ڈی جی خان میں کوہ سلیمان پر موسلا دھار بارش سے برساتی نالہ سخی سرور میں طغیانی آ گئی۔ جس کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

برساتی نالہ سنگھڑ میں طغیانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا آبائی گاؤں بارتھی کا تونسہ اور ڈی جی خان سے زمینی رابطہ دو روز کے لیے منقطع ہو گیا۔

لاہور میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور17 گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی کردیا ہے۔

سمن آباد، گلبرگ، شاہدرہ اور شام نگر سمیت دیگر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے اور گاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک جام ہے۔

دوسری جانب شہر میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں بچی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، بچی کی ہلاکت کا واقعہ بادامی باغ کے علاقے میں پیش آیا۔

بارش سے لیسکو کے 250 سے زائد فیڈر متاثر ہوئے اور 160 فیڈرز سے شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ 35 فیڈر احتیاطی طور پر بند کیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 213 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا یہ سلسلہ صبح تک جاری رہے گا، بدھ کو ہلکی پھلکی اور جمعرات کو پھر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں بھی شدید طوفانی بارش کے باعث مصروف شاہراہ پر 15 فٹ گہرا شگاف پڑھ گیا جس کی وجہ سے قریب موجود پلازے کی بیسمنٹ میں پانی بھر گیا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات درج کرانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی نہیں آیا۔ بیسمنٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کا الیکٹرونکس کا سامان زیر آب آ گیا۔

تاجروں نے شکایت کی کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن واسا محکمے کو 12 کے قریب درخواستیں دینے کے باوجود محکمے کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی بارشوں سے 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے، بارشوں سے ہونے والا جانی نقصان خیبر پختونخوا (کے پی) میں ہوا اور 173 گھر بھی متاثر ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 16 سے 19 جولائی تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے برساتی نالوں، ندی نالوں ‏اور نہروں کی صفائی سمیت تمام اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر ہاؤسنگ سوسائٹی میاں محمود الرشید نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔