معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ آصف زرداری کی بے نامی کمپنیوں کی تعداد 32ہے ، آصف زرداری کیخلاف جے آئی ٹی کی تفتیش پر کئی جائیدادیں اٹیچ کی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر علی زیدی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں آصف زرداری کی بے نامی جائیدادوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ آصف زرداری کی بے نامی کمپنیوں کی تعداد 32ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حسن ، حسین ، علی عمران اورسلیمان شہباز سمیت تمام مفرور ہیں ، ان تمام کے نام جائیدادوں ، بینک شیئر ز کوبھی اٹیچ کیا جائیگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے پاکستان پر بلیک لسٹ ہونے کاخطرہ منڈلا رہاہے ۔ حسن ، حسین نواز ، سلیمان شہباز اور علی عمران واپس نہ آئے تو جائیدادیں ضبط ہوسکتی ہیں، بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے کوئی چیز نہ پیش کرسکے تو جائیدادیں بیچ کر رقم قومی خزانے میں جمع کروا دی جائیگی ۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ان افراد نے کچھ جرائم برطانیہ کی سرزمین پر بھی کیے ہیں ، ان افراد کی پاکستان کو حوالگی کیلیے برطانیہ میں درخواست دائر کریں گے ۔