مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ میرے ہموطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار ہو گیا۔
میرے ہموطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار ! جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟ pic.twitter.com/iKvx47rjrR
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 18, 2019
مریم نواز نے مزید لکھا کہ جو عوام کے ووٹ سے آئے گا تو کیا یہی لاقانونیت، توہین اورناانصافی اس کا مقدر بنے گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے۔
پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے! pic.twitter.com/yEx1joe46Q
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 18, 2019
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی آج بھی نیب میں پیش ہوئے تھے، جو کچھ ماحول ہے وہ عمران خان کی ایما پر ہے، وہ جس اسٹیج پر لوگوں کو گرفتار کرا رہے ہیں اس حساب سے تو آدھی پی ٹی آئی اندر ہونی چاہیے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہمیں گرفتار کریں گے تو کیا پاکستان ترقی کرنا شروع ہوجائے گا، چیلنج کرتا ہوں کہ شاہد کا کوئی کیس اُن کے پاس نہیں، صرف ایل این جی معاہدے کا کیس بنایا گیا ہے، اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہوتے توعمرایوب بتاتے یہ معاہدہ ہوا تھا اور اس میں یہ کمزوریاں تھیں۔
مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نیب کو ’ن لیگ اکاؤنٹیبلٹی بیورو‘ قرار دیتے ہوئے کہا ایک غیر تصدیق شدہ فوٹو کاپی پر گرفتار کر لیا گیا لیکن پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے میگا کرپشن اسکینڈل کو نہیں چھیڑا جا رہا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان میں جمہوریت کے لیے ایک اور سیاہ دن ہے، عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ایک اور وزیراعظم کو نیب گردی اور پسپائی گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
Former PM Shahid Khaqan arrested on an uncertified photocopy. “N League Accountability Bureau (NAB)” arrests SVP of PMLN. Mega corruption scandals remain untouched under PTI umbrella. pic.twitter.com/depubUaRt7
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) July 18, 2019
ن لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا میں نے اسمبلی میں بھی کہا تھا کہ پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جس کو ملکی اداروں کی جانب سے ایسی ٹھنڈی ہوا ملی ہو لیکن اس کے باوجود یہ حکومت اڑ نہیں پا رہی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر اس حکومت کا جہاز نہیں اڑ پا رہا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے، اصل بات یہ ہے کہ کپتان ناتجربہ کار، نالائق ہے جس کی سزا اپوزیشن اور ملک کے 20 کروڑ عوام کو دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ ہم سب کو پکڑ کر جیل میں ڈال دو لیکن پھر بھی ہم تمھارے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ ہم نے مشرف کی وردی کا بھی مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردوں کی گولیاں بھی کھائی ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کے جتنے بڑے اسکینڈل شاید اس حکومت کے ہیں کسی اور حکومت کے نہیں ہیں، جو اس حکومت کے اسکینڈل سامنے لاتا ہے اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم عمران خان نیازی کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے، پاکستانی قوم نے باوردی آمر کو ہٹلر نہیں بننے دیا تو آپ کیا چیز ہیں، آپ کو ایک سلیکٹڈ ہیں۔