آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کیلیے نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی آڈیٹوریم میں دفاعی پیداوار کے حوالے سے دو روزہ قومی سیمینارہوا جس میں دفاعی پیداوار کی صنعت کو درپیش چیلنجوں کا احاطہ کیا گیا۔
سیمینار میں وزارتوں، سرکاری و نجی اداروں، چیمبرآف کامرس اور دفاعی پیداواری اداروں کی نمائندوں نے شرکت کی اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزراء زبیدہ جلال اور فواد چوہدری نے دفاعی صنعت کے فروغ کیلئے تجاویز دیں اور وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے قومی سلامتی میں دفاعی صنعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
دو روزہ سیمینار میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل پارکس کے قیام سمیت حکومت کو پالیسی سطح پر سفارشات پیش کی گئیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز بھی دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکا کا قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کیلئے نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہماری دفاعی صنعت کو مکمل طور پر ایک مربوط نجی شعبہ درکار ہے۔