سینیٹ کے موجودہ اجلاس میں صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پراپوزیشن کی جانب سے ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے قرارداد ایجنڈے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم ان کا یہ مطالبہ مسترد کردیا گیا ہے۔
ذرائع سینیٹ سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ ریکوزیشن اجلاس کا ایجنڈا پیر کو تیارکیا جائے گا تاہم اس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد شامل نہ ہونے کا امکان ہے اور ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہوگی اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینیٹ کے معمول کے اجلاس میں ہوگی۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کا شیڈول اجلاس بلانے کے لیے وزارت پارلیمانی امورکو یاد دہانی کا خط بھجوا دیا ہے جب کہ سینیٹ کا معمول کا اجلاس اگلے ماہ ہوگا اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد کے لیے بیلٹ پیپرزپر ووٹنگ ہوگی۔