ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پرترقیاں ہوئی ہیں۔فائل فوٹو
ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پرترقیاں ہوئی ہیں۔فائل فوٹو

پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے۔ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں اورقربانیاں رنگ لا رہی ہیں اورپاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق آگاہی دی اور فروری کی پاک بھارت کشیدگی سے متعلق بھی میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی میڈیا کا پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ افواج پاکستان نے پاکستانی سرحدوں کا بہادری سے بھرپوردفاع کیا اورپاکستانی عوام اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں اورقربانیاں رنگ لا رہی ہیں،پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہترہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بنیادی توجہ اب بلوچستان کی طرف ہے، بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔

میجرجزل آصف غفورکا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آرہی ہے، سرحدی باڑ لگنے سے دہشت گردوں کی مشکلات میں اضافہ، دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے جب کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر تعمیروترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت کریں گے اورآرمی چیف پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔