پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں غیراعلانیہ سنسر شپ ہے،میڈیا ہمارے جلسوں کو دکھا نہیں رہا جس سے حکومت کا ڈر اور خوف ظاہرہوتا ہے،اس بارے میں ہم نے پیمرا اور انفارمیشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو خط بھی لکھ دیا ہےجبکہ پیمرا اور وزارت اطلاعات کو پارلیمنٹ میں بھی بلا لیا ہے
انہوں نے کہا کہ نالائق اور ووٹ چوری کرکے آنے والی سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی ہی ایک بہت بڑا وائٹ پیپر ہے تاہم مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ایک جامع وائٹ پیپر تیار کرلیا ہے جسے جلد جاری کردیا جائے گا۔
ایک انٹرویومیں سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہمارے جلسے بہت کامیاب ہیں مگرافسوس کی بات یہ ہے کہ میڈیا ہمارے جلسوں کو دکھا نہیں رہا جس سے حکومت کا ڈراورخوف ظاہر ہوتا ہے ،اس بارے میں ہم نے پیمرا اور انفارمیشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو خط بھی لکھ دیا ہے اور پیمرا اور وزارت کو پارلیمنٹ میں بھی بلا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس جماعت کی حکومت ہے جس نے 170 دن پورا دارالخلافہ بند کردیا تھا ،سول نافرمانی کے اعلانات براہ راست چلائے جارہے تھے، گیس اور بجلی کے بل جلائے جارہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ اس جماعت کی جانب سے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا جسے میڈیا چیلنجزپرلائیو دکھایا گیا، ہمارے جلسے نہ دکھانے پر پیمرا کی کوئی باضابطہ ہدایت نہیں، غیراعلانیہ سنسرشپ ہے۔