وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان برابری کی سطح پر امریکا میں خود کو منوانے میں کامیاب رہا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا، وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ امریکا پر اعتماد میں لیا
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دورہ امریكا اپنی نوعیت كا كامیاب دورہ ہے، پاكستان برابری كی سطح پر دنیا میں خود كو منوانے میں كامیاب رہا، امریكی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاكستان كا دورہ كریں گے، پاكستان اورامریكا كے تعلقات ماضی كی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے جب کہ مسئلہ كشمیر كو اجاگر كرنے میں پاكستان نے بھرپور كردار ادا كیا۔
سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویزاشرف اورسابق صدر كے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات كی تفصیل بھی كابینہ میں پیش كی گئی، دستیاب سركاری دستاویزات كے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 4 سالہ دور اقتدار میں 48 غیر ملكی دوروں پر 57 كروڑ سے زائد خرچ كیے۔
4 سالوں میں 2 ہزار 67 افراد نے یوسف رضا گیلانی كے ہمراہ بیرون ملک سفر كیا، یوسف رضا گیلانی نے ایک كروڑ 5 لاكھ روپے كی ٹپ اور ایک كروڑ 22 لاكھ كے تحائف دیے جب كہ ہوٹل میں قیام پر 19 كروڑ روپے خرچ ہوئے، ٹی اے ڈی اے كی مد میں دو كروڑ 98 لاكھ روپے كے اخراجات آئے۔
یوسف رضا گیلانی كے بیرون ملک دوروں كے دوران كھانے پینے پر 19 كروڑ روپے خرچ ہوئے جب کہ راجہ پرویز اشرف نے ایک سال میں 9 بیرون ملک دورے كیے جن پر 10 كروڑ سے زائد خرچ كیے، راجہ پرویز اشرف نے 47 لاكھ روپے ٹپ دی جب كہ ٹی اے ڈی اے كی مد میں 92 لاكھ روپے خرچ كیے۔ سابق صدر ممنون حسین نے 5 سال میں 31 دورے كیے جن پر بیرونی دوروں پر 27 كروڑ 82 لاكھ روپے خرچ ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے كہا سركاری خزانے کا بے دریغ استعمال كیا گیا، سابق حكمرانوں سے عوام كے ٹیكس كا پیسہ واپس لیا جائے گا۔
وفاقی كابینہ نے 5 ریگولیٹری اتھارٹیز كے انتظامی اختیارات متعلقہ وزارتوں سے لے كر كابینہ ڈویژن كو منتقل كرنے، پاسپورٹ سے پیشے كا كالم ختم كرنے اور وزارت خزانہ كے ایڈیشنل سیكریٹری برائے اخراجات كو قرضہ تحقیقاتی كمیشن كا سیكریٹری مقرر كرنے كی بھی منظوری دی گئی۔
كابینہ نے 17 جولائی كو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں كیے گئے فیصلوں كی بھی توثیق كی جب كہ صحافیوں كے آٹھویں ویج بورڈ میں مزید 4 ماہ كی توسیع كی منظوری دی، وفاقی كابینہ كو پاكستان پوسٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا كہ پاكستان پوسٹ میں متعدد نئے منصوبے شروع كیے گئے ہیں اور سروس كے معیار كو بہتر بنانے كے لیے اسٹاف كو جدید سہولیات اور ٹریننگز سے آراستہ كیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے كہا رواں سال دسمبر تک پاكستان پوسٹ كا خسارہ ختم كردیں گے، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی كابینہ اركان نے بہترین كاركردگی پر پاكستان پوسٹ كے ملازمین، افسران اور وزیر پوسٹل سروس مراد سعید كو سراہا۔