میں نے ایک عام شہری کے طور پر پولیس اورایف آئی اے کو درخواست دی۔فائل فوٹو
میں نے ایک عام شہری کے طور پر پولیس اورایف آئی اے کو درخواست دی۔فائل فوٹو

شہباز شریف برطانوی عدالت نہ گئے تو میں خود جاؤں گا۔شہزاد اکبر

 وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگرشہباز شریف برطانوی اخبار کے خلاف عدالت نہ گئے تو میں خود عدالت جاؤں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے برطانوی اخبارکی اسٹوری، وزیراعظم عمران خان اورمجھ پربھی دعویٰ دائر کرنے کا وعدہ کیا تھا، کہاں گیا وہ وعدہ؟

انہوں نے کہا کہ ایرا کے فنڈ میں چوری نہیں ڈکیتی کی گئی ہے، شہباز شریف کہتے کہ زلزلہ 2005 میں آیا اور وہ جلاوطن تھے،کیسے چوری کرسکتے ہیں۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مقدمہ کریں گے، کہاں گیا وہ دعویٰ؟ انہوں نے اخبار کو شکایت کی ہے، عدالت میں کوئی مقدمہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اخبار کو شکایت کی کہ رپورٹنگ عوامی مفاد میں نہیں تھی حالانکہ انہوں نے 4 صفحات پر مشتمل شکایت میں خبر کی تردید بھی نہیں کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف اگر سچے ہیں تو اخبار کے خلاف عدالت میں جائیں کیونکہ جس صحافی نے شہباز شریف کے خلاف خبر دی  وہ اپنی خبر پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو انتظار کر رہا ہوں کہ شہباز شریف مجھ پر دعویٰ کریں لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ میرے خلاف عدالت میں نہیں جائیں گے۔

شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اپنا بیگ تیار کرکے بیٹھا ہوں، میرے خلاف برطانیہ میں دعویٰ دائر کریں، اگر میرے خلاف برطانوی عدالت میں گئے تو وہاں سارے ثبوت میں پیش کر دوں گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے شہباز شریف کو چیلنج بھی کیا کہ اگر آپ عدالت میں نہیں جائيں گے تو میں خود عدالت میں جاؤں گا اور بتاؤں گا کہ اخـبار میں جو آيا وہ صرف 5 فیصد ہے جب کہ 95 فیصد باقی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔