بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں باچاخان چوک کے قریب ہونے والے دھماکے میں4 افراد جاں بحق اور30افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کوئٹہ کے علاقے باچاخان چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں اب تک 4 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ ریکسیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 30 افراد کو سول اسپتال سمیت دیگراسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا لیاقت بازار میں سٹی تھانے کے سامنے ہوا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جب کہ سول اور شہرکے دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کرکے اسے پولیس موبائل کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکے میں پولیس کی گاڑی ہی ہدف تھی جب کہ اس میں قریب کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او بھی زخمی ہوئے جو ٹراما سینٹر میں زیرعلاج ہیں۔زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار، خواتین سمیت بچے بھی شامل ہیں۔