قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کےخلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں (ن) لیگ کے ارکان سینیٹ نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات پرغورکیا گیا جب کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پرارکان سے تشویش کا اظہارکیا۔
شہباز شریف نے پارٹی لائن سے انحراف کرنے والے سینیٹرز پر سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک کو ناکام بنایا، تمام اپوزیشن مل کر اس معاملے پرلائحہ تیار کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کہ اپوزیشن کے کچھ سینیٹرز نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ اوراپنا وقار تباہ کیا ہے، ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اورکارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔
اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اوراپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔