چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ نہ دینے والے سینیٹرز کی تلاش کیلیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بے وفائی کرنے والے ساتھیوں کی تلاش کیلیے یوسف رضا گیلانی، نیئر حسین بخاری ، سعید غنی ، صابر بلوچ اور فرحت اللہ بابرپرمشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نہ صرف پارٹی پالیسی سے منحرف ہونے والے سینیٹرزکو تلاش کرے گی بلکہ ان استعفوں کے بارے میں بھی فیصلہ کرے گی جو گزشتہ رات پی پی کے 21 سینیٹرز نے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جمع کرائے تھے۔
اپنے ایک بیان میں پی پی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول نے جمعرات کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں متحدہ اپوزیشن کو حاصل واضح برتری کے باوجود شکست پرسخت مایوسی کا اظہارکیا ہے اوران لوگوں کو بے نقاب کرنے اورسخت سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے وفاداری تبدیل کی ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں تمام صوبوں کے ارکان کو شامل کیا گیا ہے اور پیپلز پارٹی یہ امید رکھتی ہے کہ باقی اپوزیشن جماعتیں بھی اپنے سینیٹرز سے تحقیقات کریں گی۔