سندھ کابینہ میں توسیع کے بعد وزرا کے قلمدانوں میں ردوبدل کردیا گیا۔
گزشتہ روز سندھ کابینہ میں 4 نئے وزرا اور 2 مشیروں کو شامل کیا گیا تھا جس کے بعد اب وزرا کے قلمدان بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے قلمدان میں تبدیلیوں کا نوٹیفیکیشن وزیر اعلیٰ سندھ کی اجازت کے بعد جاری کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق قلمدان میں تبدیلیاں بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کی گئیں۔
سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر گزشتہ روز حلف اٹھانے والے ناصر حسین شاہ کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ سعید غنی کو محکمہ اطلاعات اور محکمہ محنت کا قلمدان دیا گیا ہے۔
سہیل انور سیال کو آبپاشی کی وزرات دی گئی ہے جبکہ ان کے پاس اینٹی کرپشن کا اضافی قلمدان بھی ہوگا۔
جام اکرام دھاریجو کو امدادِ باہمی اور صنعت و تجارت کی وزارت دی گئی، نثارکھوڑو کو صوبائی مشیربرائے محکمہ ورکس اینڈ سروسز بنایا گیا ہے۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کو مشیربرائے قانون، ماحول، موسمیاتی تبدیلی اورکوسٹل ڈویلپمنٹ بنادیا گیا ہے جبکہ وہ حکومت سندھ کے ترجمان کی ذمے داریاں بھی نبھائیں گے۔سید سردار شاہ سے محکمہ تعلیم کی وزرات واپسی لے لی گئی ہے۔
وزیر بلدیات سندھ ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو ذمے داری دی ہے اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے،عوام کو ریلیف دینے کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی،نکاسی آب اور کچرا بڑے چیلنجز ہیں، علی زیدی کو ویلکم کرتے ہیں ہرممکن تعاون کریں گے اوران کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
ناصر حسین شاہ کے مطابق کراچی میں 10 ہزار ٹن کچرا روز اٹھایا جاتا ہے،ایک دفعہ کی مہم سے کام نہیں چلے گا بلکہ روزانہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حلف اٹھانے والے وزراء میں ناصرحسین شاہ، سہیل انورسیال، جام اکرام دھاریجواورعبدالباری پتافی شامل ہیں۔