پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی پر صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے تینوں مسلح افواج کے ہیروز کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اعزازات مختلف آپریشنز خصوصاً پلواما کے بعد 27 فروری کے کامیاب آپریشنز پر دیے گئے، قومی ہیرو ونگ کمانڈر نعمان نے بھارتی مگ 21 طیارہ زمیں بوس کیا، بھارتی مگ 21 وہی طیارہ ہے جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر ابھی نندن گرفتار ہوا۔ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی نے دوسرا بھارتی طیارہ گرایا، ان کا داغا گیا بھارتی طیارہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں گرا، پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیاروں کیساتھ دہلی کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر قومی ہیروز کیلیے فوجی اعزازات صدر پاکستان نے مسلح افواج کے افسران و جوانوں میں اعزازات تقسیم کیے، صدر نے 1 ستارہ جرات، 2 تمغہ جرات اور 8 ستارہ بسالت دیئے، 88 تمغہ بسالت، 94 امتیازی سند عطا کی گئیں۔
پاکستان نے فضا ہی نہیں بری اور بحری شعبے میں بھی بھارت کو پچھاڑ دیا۔ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی نشاندہی کی اور اسے بھاگنے پر مجبور کیا، پاک آرمی نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کو ناکوں چنے چبوائے۔
اُدھر پاکستان نے اطلاعات کی جنگ میں بھارت کو شکست فاش دی، مقبوضہ کشمیر میں سابق بھارتی کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل نے آئی ایس پی آر کے ہاتھوں شکست کا اعتراف کیا۔