کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی مسجد و مدرسہ میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں امام مسجد سمیت 5 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کچلاک کے علاقے کلی وزیرآباد کی جامع مسجد قاسم میں نماز جمعہ کے دوران بم دھماکا ہوا جس میں امام سمیت 5 افراد شہید اور12 زخمی ہوگئے ہیں۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ امام مسجد کے منبرکے نیچے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امدادی رضاکاروں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
نماز جمعہ کے دوران مسجد میں 200 سے زائد افراد موجود تھے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ملک کی مذہبی و سیاسی شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید افراد کے اہل خانہ سے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔