مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 100 روپے کے اضافے کے ساتھ 88 ہزار 400 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سونے کی عالمی منڈی میں قیمتیں مستحکم ہونے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 100 روپے اور 86 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1514 ڈالر پر برقرار ہے تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت نے اونچی اڑان بھرتے ہوئے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاوراورکوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 88 ہزار400 روپے اور10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر75 ہزار789 روپے ہوگئی۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 1110 روپے اور10 گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔