ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا سعودی عرب سے بعد ازحج آپریشن کا آغاز ہفتہ 17 اگست کو ہو گا، بعد ازحج پروازوں کے پہلے روز 900 سے زائد حجاج کرام کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد پہنچیں گے جبکہ لاہورکی پرواز 18اگست کی صبح پہنچے گی، پی آئی اے کے اعلیٰ افسران ایئر پورٹس پرحجاج کرام کا استقبال کریں گے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے حج ٹیم کے ممبران کوہدایات جاری کی ہیں کہ بعد ازحج آپریشن کے دوران حجاج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پی آئی اے نے حج آپریشن اپنے بوئنگ 777 اور ائیر بس A320 طیاروں سے مکمل کر رہی ہے۔
واضح رہے کوئی طیارہ لیز پر حاصل نہیں کیا گیا، پی آئی اے کراچی کے لیے 20,766 اسلام آبادکے لیے 16,095، لاہورکے لئے 15,272، ملتان کے لئے 4,707، فیصل آباد کے لیے 1,889، سیالکوٹ کے لیے 4,607، پشاور کے لیے10,609،اور کوئٹہ کے لیے 8,324حجاج کرام کو وطن واپس پہنچائے گی۔پی آئی اے کےبعد از حج آپریشن کا اختتام 14 ستمبرکو ہوگا۔