اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندو ب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ آج سلامتی کونسل کے اجلاس سے ثابت ہو گیا کہ مسئلہ کشمیرعالمی تنازع ہے ،بھارت کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہو گیا کہ یہ اندرونی معاملہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو قید تو کیا جا سکتا ہے لیکن ان کی آواز نہیں دبائی جا سکتی،آج اعلیٰ ترین فارم پرکشمیریوں کی آواز سنی گئی ۔
سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط پر 72گھنٹوں میں سلامتی کونسل کا اجلاس بلا یا گیا ،یہ اجلاس طلب کرنے کے لیے چین نے درخواست کی جس پران کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرکے حوالے سے پاکستان سیٹلمنٹ کے لیے تیار ہے ،یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ،آج سلامتی کونسل کا اجلاس پہلا قدم تھا لیکن آخری قدم نہیں ،اب بات یہاں ختم نہیں ہو گی بلکہ جب کشمیریوں کوانصاف مل جائے گا تو پھر بات ختم ہو گی۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام اراکین نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کا اظہارکیا جس پران کے شکرگزارہیں۔