وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلیے مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر بھرپوراحتجاج کی ہدایت کردی،سفاک مودی حکومت کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں کشمیر کی صورتحال پر بیرون ملک پاکستانیوں کے تاثرات اور حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ نریندرا مودی کی امریکا آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روند رہی ہے اور کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں، میں بطورسفیرمقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے اور جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم کے خلاف بھرپور احتجاج کی تیاریاں کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت عالمی قوانین خلاف ورزی کررہی ہے اورکشمیریوں پرظلم کے پہاڑ تو ڑ رہی ہے ۔