98ارکان نے ووٹ کیا۔فائل فوٹو
98ارکان نے ووٹ کیا۔فائل فوٹو

مودی کو ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ نے دورہ یو اے ای دورہ منسوخ کردیا

متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندرکواعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے جانے پرچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یواے ای کا دورہ منسوخ کردیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ چار روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ شب یو اے ای کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن یو اے ای کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کے بعد یہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپورحمایت کرتا ہے، مودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کر رہی ہے اور مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے، ایسے حالات میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کشمیریوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ میرے کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں ان حالات میں یو اے ای کا دورہ کروں، دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، تین بجے ہماری پرواز تھی تاہم مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد آج ہی وہاں میرا جانا اوریواے ای حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اوراسے ایوارڈ دیا جائے اس پردکھ ہوا،مودی کشمیریوں پرظلم وبربریت میں ملوث ہے،فیصلے سے یواے ای سفیر کو آگاہ کردیا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے احتجاجاً یہ دورہ منسوخ کیا۔