وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات کے بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات ہیں، بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہوکر دیکھناہوگا ، متحدہ عرب امارات پاکستان کادوست ملک ہے،مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے بھیجنے کی تیاری کررہی ہے ۔
ملتان میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچے افلاس سے بلک رہے ہیں، کرفیوتوڑکرباہرنکلنے والوں پرپیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا ، مقبوضہ کشمیرمیں بھیجنے کیلیے آرایس ایس کے غنڈے تیارکیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے سربراہاں اور اوآئی سی کومسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہئے،بھارت کی مخالفت کے باوجود سیکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا، ترکی میں بھی کشمیریوں کے حق میں احتجاج ہورہاہے،امید ہے یو اے ای پاکستان کومایوس نہیں کرے گا، انسانی حقوق کے اجلاس میں بھارتی مظالم بے نقاب کروں گا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہاہے،بھارت میں مودی سرکار کے خلاف دھڑے بندیاں ہوچکی ہیں،کرفیوکی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت اورادویات کی کمی کاسامنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی سے انتہائی تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں، ہم نے دنیا کوقائل کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں،مودی نے جواہرلعل نہروکے برعکس اقدامات کیے۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں ، یواے ای کے وزیرخارجہ سے مل کرحقائق پیش کروں گا ۔کشمیر میں انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں،دنیا نے دیکھا مودی حکومت نے اپوزیشن ارکان کے ساتھ کیا سلوک کیا۔