پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ آصف زرداری کی صحت خراب ہے اور وہ طبی ریلیف لینے کی درخواست دینے کی اجازت نہیں دے رہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری کی صحت تشویشناک ہے اور وہ حکومت سے طبی ریلیف لینے کی درخواست دینے کی اجازت نہیں دے رہے ،وہ کہتے ہیں کہ ان کوشوق پورا کرلینے دیں۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا بلڈ پریشراورشوگر لیول کنٹرول نہیں ہورہا اوران کوکئی دنوں سے سینے میں بھی درد کی شکایت ہے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ بلاول بھٹو زرداری کل آصف زرداری سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے اور ان کو طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی درخواست دینے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے ۔
اس سے قبل ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈی والا بھی سابق صدر کی صحت سے متعلق تشویش کااظہارکرچکے ہیں،اپنے ایک بیان میں سلیم مانڈی والا نے کہا کہ ڈاکٹروں نے سابق صدر کو فوری طورپرہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے اورکہا ہے کہ آصف علی زرداری کو علاج و معالج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کی سفارشات پرعملدرآمد کرے،ہرقیدی کا حق ہے کہ انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری کے طبی ٹیسٹ کرائے جائیں اور یہ ضروری ہے کہ انہیں ڈاکٹروں کی سفارشات پرعمل کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا جائے۔