مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا توعمران خان نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے تاحیات قائد نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات کو نظرانداز کرنے کی مذمت اوراحتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو دل، ذیابیطس اورگردوں کے علاوہ متعدد امراض کا سامنا ہے، انہیں 24 گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر لاپرواہی اورغفلت برتی جارہی ہے، ان کے علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کے لیے معالج اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں، نوازشریف کے معالج نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کرصورت حال پرایک بارپھراپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے، سیاسی مخالفت پر صحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس دینے سے انکار کی خبر عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا واضح ثبوت ہے، خدانخواستہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں وینٹی لیٹر اور دیگر ضروری مشینیں دستیاب نہ ہوں تو ایسی ایمبولنس کا کیا فائدہ؟۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت کا حکومتی رویہ مجرمانہ ہے، 2 سرکاری اسپتالوں کا امراض قلب کی مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام کی تازہ مثال ہے۔ شواہد کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔