وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان نے بھارت کیلیے اپنی فضائی حدود مکمل طورپر بند کرنے پرغور کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے پر غور کررہے ہیں۔اس کے علاوہ بھارت کی پاکستان کے ذریعے افغانستان سے تجارت کا زمینی راستہ مکمل طور پر بند کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ تجاویز کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئیں، جن پر عمل درآمد کے لیے قانونی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاہے کہ بھارت نے شروعا ت کی ہیں ، ہم اختتام کریں گے ، کشمیر میں جو ہورہا ہے کہ وہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کیلیے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے کیلیے غور کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پراعتراض کیا گیا جس پر وزیر اعظم اوروزیرخارجہ نے کابینہ اراکین کو بین الاقوامی قوانین سے متعلق بریف کیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ فضائی حدود استعمال پر پابندی عائد نہیں تھی اس لیے مودی نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی۔