تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف محاذ کھول دیا۔انہوں نے ڈھکے چھپے طریقے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورغلام سرورخان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
عامر لیاقت حسین نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ’آج مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے فردوس عاشق اعوان کو ان فالوکیا تھا، بے ہنگم گفتگو، تسلسل سے مسلسل فضول الفاظ کی دھول، عمران خان کی ہدایات کے برعکس فردوسی بیانات کی یلغار، تنگ کرکے رکھا ہوا ہے پوری قوم کو۔‘
عامر لیاقت نے مشیر اطلاعات پرکرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگادیا اور کہا ’ پی ٹی وی میں سنگین بے قاعاعدگیوں کو تحفظ دینے کے سوا فردوس عاشق اعوان کوکیاآتاہے؟ آصف راڈو نے رمضان المبارک میں 50 روپے کا افطار باکس 250 میں دیا ، انہیں بتایا گیا، خاور اظہر کی خلاف ضابطہ تقرری، امین اختر اورعمیر معصوم کو ہیوی پیکج پر مارکیٹنگ سونپنا، محترمہ کو کچھ نظر نہیں آتا۔‘
عمران خان نے فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جمعے کے روز تین منٹ تک کشمیریوں کیلیے اٹھ کھڑے ہونے کے اعلان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان نے کہا کہ جمعے کے روز 12 سے ساڑھے 12 بجے تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے لیکن یہ فرماتی ہیں کہ جو جہاں موجود ہو وہ3 منٹ کے لیے 12 بجے کھڑا ہوجائے۔
عامرلیاقت نے کہا کہ بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے،اپیل اور حکم میں فرق ملحوظ خاطر رکھیں،قوم دل سے کشمیریوں کے ساتھ ہے حکم کی ضرورت نہیں ۔
عامر لیاقت نے ایک ٹویٹ بھی ری ٹویٹ کیا جس میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ انڈیا کیلیے فضائی حدود کی بندش کا فیصلہ لینے میں شاہ محمود قریشی اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔