سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے بھی خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مستردکی تھی۔فائل فوٹو
سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے بھی خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مستردکی تھی۔فائل فوٹو

نیب نے خورشید شاہ کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردیں 

قومی احتساب بیورو(نیب) سکھر نے سابق قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے اہم رہنما خورشید احمد شاہ کے خلاف باضابطہ طور پر تحقیقات شروع کردیں۔

نیب سکھر نےاس ضمن میں  ڈپٹی کمشنر دادو کو باقاعدہ لیٹر جاری کردیا ہے۔  نیب کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں خورشید شاہ  اور انکے اہلخانہ کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

نیب کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت لیٹر جاری کیا گیا ہے۔ نیب کی طرف سے جاری کردہ لیٹر میں خورشید شاہ، انکی دونوں بیویوں ، بیٹے، بیٹیوں اور بھتیجوں کی جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دادو سے خورشید شاہ اور انکے اہلخانہ کی پانچ روز کے اندر جائیداد کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ اور انکے فرزند جنید قادر کی جائیداد کی بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 31جولائی کو  قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما  اور سابق اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی  خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت  ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں مجموعی طور پر9 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

خورشیدشاہ کے علاوہ سابق گورنر خیبرپختونخوا  اور ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کےخلاف بھی تحقیقات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق سابق سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا امتیاز ایوب، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران اور متعدد اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر تنویر الحسن گیلانی کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا بھی گیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کیخلاف اثاثہ جات چھپانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔