متعلقہ ادارے شہر میں تمام بل بورڈز کو ہٹا دیں۔فائل فوٹو
متعلقہ ادارے شہر میں تمام بل بورڈز کو ہٹا دیں۔فائل فوٹو

کراچی میں موسلادھار بارش،سڑکوں پر پانی جمع،ٹریفک جام

شہرقائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی  و موسلا دھاربارش ہوئی ،سڑکوں پرپانی جمع ہو گیا جس کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا۔

کراچی میں تھڈو ڈیم کے اطراف دوپہرکو تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ گلشن حدید، ملیر،لانڈھی ایئرپورٹ،ڈیفنس، لانڈھی، کورنگی، صدر، پی ای سی ایچ ایس ،گرومندراور مختلف علاقوں میں ہلکی وموسلا دھاربارش ہوئی۔

بارش سے تھڈو ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی اورپانی اوور فلوہوکرآبادی میں داخل ہونا شروع ہوگیا جب کہ پانی کے تیز بہاؤ سے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں۔

شہر میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث ملیر ندی میں بھی پانی کا بہائو بڑھ گیا،کورنگی کراسنگ کے قریب ندی روڈ کو ٹریفک کیلیے بند کر دیا ہے اور ٹریفک کارخ جام صادق پل کی جانب موڑدیا گیا ہے جہاں  صنعتی علاقوں سے آنے والےبھاری ٹرکوں،ٹینکروں اورکنٹینروں  کے باعث ٹریفک بری طرح جام ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کل کے مقابلے میں آج بڑے پیمانے پرتیز بارش متوقع ہے اور چوتھے اسپیل میں کراچی میں 40 سے 50 ملی میٹرسے زائد بارش ہو سکتی ہے۔حکام محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرہ عرب اور بھارتی گجرات پرموجود ہے، سسٹم کی وجہ سے شہرمیں حبس اورشدید گرمی دو دن مزید رہے گی، آنے والا سسٹم بھی خاصہ طاقتور ہوسکتا ہے، رواں سال مون سون سیزن 30 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔

ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان نے بارش کے موسم میں عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ برقی آلات نہ چھوئیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اوراحتیاط برتیں، غیرقانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پرفوری رابطہ کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی اورمحکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک شہر میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔