سپریم کورٹ نے بھائی قتل کے الزام میں عمر قید کے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ اگر ایک بھائی کا قتل کروا دیں اور دوسرے کو پھانسی چڑھا دیں تو اس میں فائدہ شریکوں کا ہی ہوگا۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس پر سماعت کی۔ وکلا نے ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دیے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی آر کے مطابق قتل کا واقعہ رات پونے بارہ بجے کھیتوں میں پیش آیا، اسی وقت اس کی موت ہو گئی جبکہ پوسٹ مارٹم کے مطابق مقتول کی موت ساڑھے بارہ بجے ہوئی، پوسٹ ماٹم بھی گیارہ گھنٹے بعد ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک بھائی کا قتل کروا دیں اور دوسرے کو پھانسی چڑھا دیں تو اس میں شریکوں کا ہی فائدہ ہے۔ عدالت نے بھائی کے قتل کے الزام میں عمر قید کے ملزم عبدالرزاق کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
ٹرائل کورٹ نے اپنے بھائی امانت علی کے قتل میں ملزم کو سزائے موت سنائی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔