نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے پریس کلب میں داخلے اور ان کی تقریبات کی کوریج پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ شیخ رشید پر الزام ہے کہ انہوں نے جیو سے وابستہ کینسر میں مبتلا ویڈیو جرنلسٹ ناصر کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل قرار کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جب شیخ رشید نے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے دورے کا دورہ کیا تو اس دوران مقامی صحافی نے ان کی توجہ ویڈیو جرنلسٹ ناصر کی بیماری کی جانب دلائی ۔ متوجہ کیے جانے پر شیخ رشید نے کینسر میں مبتلا صحافی کیلئے توہین آمیز جملے کہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ شیخ رشید کی راولپنڈی اسلام آباد میں کوریج اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس میں داخلے پر ایک ہفتے کیلیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نیشنل پریس کلب کی جانب سے ملک کے دیگر پریس کلبز سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی شیخ رشید پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کریں۔