مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرسعودی وزیرمملکت برائے امورخارجہ عادل الجبیراورعرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان کل ایک روزہ سرکاری دورے پرپاکستان پہنچیں گے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق عادل الجبیردورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ وزیر مملکت برائے خارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات ہوگی۔
سعودی سفارت خانے کا بتانا ہےکہ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان بھی سعودی وزیر مملکت کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے، دونوں وزراء کا دورہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں ہے۔
واضح رہےکہ مقبوضہ کشمیرکے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ایک ہفتے میں تین مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیراعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ وادی کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی طورپرآگاہ کیا۔