وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔فائل فوٹو
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔فائل فوٹو

سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے

مسئلہ کشمیر پر پاکستان دنیا بھر کی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد عرب ورلڈ بھی متحرک ہوگیا جس کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے۔

گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ مسلمان ممالک کشمیر کے معاملے پرابھی ہمارا ساتھ نہیں دے رہے تو آگے چل کروہ ہمارے ساتھ ہوں گے، وزیراعظم کی یہ بات بالکل درست ثابت ہوئی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیراورعرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے چند دن میں 3 مرتبہ ٹیلفونک رابطہ کرچکے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں انہوں نے اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔