سرگودھا میں ایک خاتون نے نجی اسپتال میں ایک دو نہیں بلکہ ایک ساتھ چھ بچوں کو جنم دے دیا، اہل خانہ چھ بچوں کی پیدائش پرنہال ہیں۔
سرگودھا کے علاقے پھلروان کی رہائشی خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ نجی اسپتال میں چھ بچوں کی پیدائش سے خاتون کے اہل خانہ نہال ہو گئے۔
ہم نیوز کے نمائندے شیخ عثمان نے بچوں کے اہل خانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ خوش نصیب جوڑے کی شادی کو سات سال ہو چکے تھے تاہم ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی اور پورا خاندان ان کے ہاں بچوں کی پیدائش کے لیے دعا گو تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق پیدا ہونے والوں بچوں میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ بچوں کی پیدائش کے بعد پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاندان کے لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے اورمبارکباد دیتے رہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں اورانھیں کچھ گھنٹے اسپتال میں رکھنے کے بعد اسپتال سے چھٹی بھی دیدی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سرگودھا میں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے اس سے قبل اسی اسپتال میں ایک خاتون نے ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔