ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ 72سال سے کشمیرکے حل کے لیے لڑ رہے ہیں،بدقسمتی سے دنیا نے اس پرتوجہ نہیں دی،اب مودی نے جو کام کیا ہے اس سے یہ مسئلہ دنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے ،حکومت اور اداروں نے بھی اس مسئلے کو دنیا کے سامنے رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک جنگ جاری ہے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں ملتا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ دوسرے ممالک کی حکومتیں اپنی مجبوریوں کی وجہ سے ہمارے ساتھ نہیں ہیں لیکن ان ممالک کی عوام ہمارے ساتھ ہے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے اس مسئلے کو تشویشناک انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میجرجنرل آصف غفورنے کہا کہ یوم شہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں ساڑھے آٹھ بجے ہو گی ،پاکستانی کل کی تقریب ضروردیکھیں کیونکہ اس میں شہدا سے متعلق شارٹ فلم دکھائی جائے گی۔
انہو ں نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر تمام لوگ شہدا کے گھر جا کر انہیں خراج عقیدت پیش کریں اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے ادارے پر فخر ہے ،ہم ایک خاندان کی طرح ہیں کیونکہ کوئی بھی سپاہی یا افسر سال میں گیارہ مہینے فوج میں رہتا ہے اس لیے ہمارے دکھ درد اور خوشیاں ایک ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص اپنی جان پیسے کے لیے نہیں دیتا ،ایک سپاہی چاہے کہیں بھی تعینات ہواس کو یقین ہوتا ہے کہ چاہے وہ زندہ ہے یا شہید ہو جائے،ادارہ اس کے ساتھ کھڑا ہے ،ہماری ویلفیئرآرگنائزیشنز شہدا کے لیے بہت کام کرتی ہیں ،ویلیفئر آرگنائزیشن سے شہدا کے بچوں کی تعلیم کا انتظام کیا جاتا ہے اورلواحقین کو گھردیے جاتے ہیں ،ہم شائدار خدمات سر انجام دینے والے سولجرزکو نظرانداز کرسکتے ہیں لیکن شہدا کو کبھی بھی نظراندازنہیں کرتے۔