وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی سطح کے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،متعارف کرائی جانے والی نئی پالیسی کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے سگریٹ نوشی کرنے پر چالان ہو گا، تین بار چالان کے بعد ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔
اگلی نشست پر بیٹھے دونوں افراد کے لیےسیٹ بیلٹ باندھنا لازمی قراردے دیا جائے گا،ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک قوانین سے متعلق نئی ڈرائیونگ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔نئی پالیسی میں جو ترامیم لائی جائیں گی ان میں بغیر کسی وجہ کے ٹریفک جام پرسپرٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اور ڈیوٹی افسر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ شامل ہے۔
اکثراوقات ٹریفک افسران ٹریفک جام کے وقت غائب ہوتے ہیں،اس ضمن میں ایڈیشنل سیکریٹری ون اورٹو چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل (آئی جی)سے میٹنگ کریں گے،میٹنگ کے دوران نئی پالیسی پر ایک ہفتے کے اندرعمل درآمد شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے،ان تمام احکامات پر عمل درآمد کے لیے حکام بالا کی جانب سے 30 ستمبرکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔