نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے 35 میں سے 19اموات کی ذمے داری کے الیکٹرک پرعائد کردی۔
گزشتہ دنوں کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں بچوں سمیت 35 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ اس دوران شہر میں بجلی کا نظام بھی مکمل طورپرمفلوج ہوگیا تھا۔
شہرمیں ہونے والے واقعات پر نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹس لیا تھا اورایک وفد تحقیقات کیلیے شہرمیں بھی موجود رہا۔
نیپرا کی بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم نے اب اپنی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں شہر میں کرنٹ لگنے کے35 میں سے 19 واقعات کی ذمہ داری کے الیکٹرک پرعائد کی گئی ہے۔رپورٹ میں بارش کے دوران شہر میں بجلی کی بندش پربھی کے الیکٹرک کو ذمے دارقراردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق نیپرا حکام نے 1997 کے قواعد کے مطابق قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی کے الیکٹرک انتظامیہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیپرا رپورٹ پرردعمل میں ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمے دار ادارہ ہے، نیپرا کے ابتدائی نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ارتھنگ کے ساتھ نیٹ ورک پرسیفٹی بریکرز اور دیگراقدامات بھی کرتے ہیں، سیلابی صورتحال میں کے الیکٹرک نے تمام اداروں کوایمرجنسی نافذ کرنے کی اپیل کی لیکن بارش، سیلابی صورتحال اور پانی کی نکاسی نہ ہونے سے تنصیبات متاثرہوئیں۔
ترجمان کے مطابق ٹی وی، انٹرنیٹ کیبل اور کنڈوں کے باعث حفاظتی اقدامات غیر مؤثر ہوجاتے ہیں۔