کشمیری نوجوان نے بھارتی خلائی ایجنسی کے سربراہ کو کھلا خط لکھ دیا،کئی ہفتوں سے اکیلا کھڑا ہوں اورآ پ کو یہ خط لکھ رہا ہوں۔
نجی ٹی وی کے مطابق چاند پرمشن ناکام ہونے کے بعد کشمیری نوجوان نے بھارتی خلائی ایجنسی کے سربراہ کوکھلا خط لکھ دیا جس میں کشمیری نوجوان نے کہا ہے کہ مجھے دیکھیں ۔ میں تو کئی ہفتوں سے اکیلا کھڑا ہوں اورآ پ کو یہ خط لکھ رہا ہوں۔
کشمیری نوجوان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی آپ کو لاکھوں تسلیاں ،دلاسے ملتے ہیں۔آپ کو اپنے خلائی جہاز سے رابطے کی دوبارہ امید ہے ، میرے پاس تو یہ امید بھی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے میرے جیسے لوگوں کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا،میری ماں بڈگام میں رہتی ہے اورہفتوں سے میرا اس سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
کشمیری نوجوان کا کہناتھا کہ آپ کاچاند سے رابطہ منقطع ہوا ، میرا رابطہ ایک ماہ سے میرے چاند یعنی میری ماں سے منقطع ہے ، رابطے ٹوٹنے کا دکھ مجھ سے بہتر کون جان سکتا ہے ؟۔
نوجوان کا کہناتھا کہ ڈاکٹر کے سیوان آپ کا دکھ بحیثیت کشمیری میں بخوبی سمجھ سکتاہوں،آپ تو خوش قسمت ہیں کہ آپ کو وزیراعظم مودی نے تھپتھپایا اورگلے لگایا،مجھے دیکھیں اپنے پیاروں سے رابطہ ٹوٹے ایک ماہ سے زیادہ ہوگیا ہے لیکن کوئی دلاسا دینے نہیں آیا۔