پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے اکتوبر میں حکومت گرانے کیلیے وفاقی دارالحکومت کے لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں احتجاج کیلیے خود پہل کی اوراعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست اورایشوزکی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرتے ہیں تاہم پیپلزپارٹی پہلے بھی اپوزیشن میں ہوتے ہوئے دھرنا سیاست میں شریک نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق مولانا فضل الرحمن اسلام آباد میں ہوں گے اور میں پورے پاکستان کا دورہ کروں گا، دونوں کا بیانیہ ایک ہی ہوگاکہ کٹھ پتلی حکومت کو برداشت نہیں کرسکتے۔
پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کی کراچی سے متعلق بنائی گئی کمیٹی کو غیر آئینی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس اور متحدہ قومی مومنٹ سندھ کو توڑنے اورکراچی کوالگ کرنے کی سوچ رکھتے ہیں جس کی اجازت نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی اسلام آباد میں ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے تھے۔