پاکستان مسلم لیگ( ن )کے سینئر رہنمااور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلیے نئے انتخابات کرائے جائیں، پاکستان اقتصادی محاذ پر ہچکولے کھا رہا ہے،ہم ملک میں سیاسی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،اس حکومت نے 10 لاکھ برسر روزگار لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک زبردست ترقی کر رہا تھا، سابق حکومت نے قرضے لیکرڈیم،موٹروے،بجلی کے منصوبے بنائے،پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد ایک سال کے اندر ملک معاشی تنزلی کا شکار ہوا ہے،موجودہ حکومت نے قرضے ہڑپ کرلیے،ایک اینٹ نہیں لگائی، ملک سے سرمایہ کاربھاگ رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو 4۔2فیصد پر کریش کر دیا گیا،سابق وزیراعظم اور ہمارے قائد نوازشریف نے ثابت کیا ووٹ کوعزت دو کے نظریئے پر بڑی سے بڑی قربانی دے سکتے ہیں،انہیں زچ کرنے کے لیے احتساب عدالت روزانہ بلایا جاتا رہا، نوازشریف اپنی بیماراہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ہمراہ جیل میں جانے کیلیے پاکستان واپس آیا تاکہ تاریخ میں کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ نوازشریف نے اصولوں کی بجائے مفاد کی سیاست کی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ میرے لیڈر نواز شریف کیساتھ ہوا اگر کوئی اور ہوتا تو باغی ہوجاتا،جج ویڈیوکیس میں انہیں جھوٹ پرسزا دی گئی، ہم سمجھتے ہیں قائد کیساتھ زیادتی ہوئی ہے،احتساب کی آڑمیں لوگوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کی جانب بڑھ رہی ہے، اگریہی سلسلہ چلتا رہا تو ہمیں پاکستان کی خود مختاری کا سودا کرنا پڑے گا، اقتصادی دیوالیہ پن سے ملکی سلامتی کوخطرات لاحق ہو جاتے ہیں، اس لیے آج یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم چٹان بن کے اپنے قائد کے سپاہی بن کے اپنی جدوجہد کو کامیاب کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے مصنوعی دور بہت جلد ٹل جائے گا، نااہل تجربہ کار گاڑی میں بیٹھ کر دل تو بہلا سکتے ہیں چلا نہیں سکتے، جتنی اس حکومت کو ٹھنڈی ہوائیں ملیں عدلیہ نہ اسٹیبلشمنٹ سے شکایات, پھربھی جہازنہیں اڑ رہا، جہاز کو پائلٹ ہی اڑا سکتا ہے کوئی اناڑی نہیں، یہ کوئی اور قسم کے جہاز اڑا سکتے ہیں۔ سازش کے ذریعے آنے والا بے نقاب ہوچکا ہے۔