حسن نثار نے کہاہے کہ ڈینگی کے معاملے پر شہباز شریف کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی، شہباز شریف ڈینگی پر سواری کررہے تھے اوراب ڈینگی پنجاب حکومت پر سواری کررہاہے ، مسئلہ کشمیر کومودی نے ہم سے کہیں زیادہ دنیا میں اجاگرکیاہے، ہم نے تو چٹکیاں کاٹی ہیں لیکن مودی نے ٹھڈے مارمارکر عالمی ضمیر کو بیدار کردیاہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ”میرے مطابق“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ یہ کیا تبدیلی ہے ؟عون چودھری کوہٹایا گیا تو کوئی اورآجائے گا، یہ اس طرح کا کام ہے ۔ ان کوپتہ ہی نہیں کہ یہ ہے کیاہے؟ یہ ایک روحانی فلسفہ ہے ، یہ مشق ہے اور بڑا خوبصورت پروگرام ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مسخرہ یہ کہے کہ مدینہ کی آباد ی بہت کم تھی، اس لیے تبدیلی جلدی آگئی تھی لیکن اگر آج آبادی زیادہ ہے تو وسائل بھی تو زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا پودے لگانے کے بارے میں عام آدمی کو پتہ ہی نہیں ہے اس کے نزدیک تو یہ ایندھن ہے ۔ یہ رومانس تمہار ے نزدیک ہی ہے ،عام آدمی کے نزدیک ہے کہ اس کو کاٹو ۔
حسن نثار کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے معاملے پر شہباز شریف کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی ، شہبازشریف ڈینگی پر سواری کررہے تھے اور ڈینگی پنجاب حکومت پر سواری کررہاہے ۔
ان کا کہناتھا کہ اس وقت ماہر لوگ موجود ہیں جو شہباز شریف کے ساتھ کام کررہے تھے ، وہ لوگ پاکستانی ہیں غیر ملکی نہیں ، اگر ان کی شہباز شریف کے ساتھ وفاداری ہوگی بھی توکیا تکلیف ہے ؟
انہوں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کومودی نے ہم سے کہیں زیادہ دنیا میں اجاگرکیاہے،ہم نے تو چٹکیاں کاٹی ہیں لیکن مودی نے ٹھڈے مارمارکرعالمی ضمیر کو بیدار کردیاہے۔