جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہم ریاستی اداروں سے تصادم نہیں چاہتے، تاہم ناجائز اور نااہل حکمرانوں کی پشت پناہی ریاستی ادارے بھی نہ کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یوآئی کے سربرہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سال کے دوران 15 پرامن مارچ کیے،اب بھی حالات کو پرامن حالات رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہیں، تصادم کی کوئی نوبت نہیں آئے گی،ریاستی اداروں سے کوئی تصادم نہیں چاہتے ہم پرامن طریقہ سے آزادی مارچ کریں گے، تاہم ناجائزاورنااہل حکمرانوں کی پشت پناہی ریاستی ادارے بھی نہ کریں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی اورعوامی تحریک کا دھرنا جائز حکومت کے خلاف تھا اور ہمارا ناجائز حکومت کے خلاف دھرنا واضح فرق ہے، کشمیرکی صورتحال میں کرتار پورپربات چیت چل سکتی ہے تو دھرنا کیوں نہیں ہوسکتا، ہمارے راستے بند ہوئے تو پورا ملک بند ہو جائے گا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آذادی مارچ کی تیاریوں عروج پرہیں اورتمام صوبائی امرا پر مشتمل کمیٹی بناکرانہیں راوبط مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں، ہمارا ارادہ یکم تا 15 اکتوبرکے دوران کوئی تاریخ طے کرنے کا تھا تاہم (ن) لیگ سے مشاورت کی وجہ سے اب 16 سے 31 اکتوبرتک کوئی تاریخ ہوگی۔