پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کو کنٹینراور روٹی دینے کا کہتے رہے اب وعدہ پورا کر یں,نیب کو صرف گرفتاریاں ہی نہیں بلکہ ثبوت بھی پیش کرنے چاہئیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم نے ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی سمجھایا کہ آپ احتجاج کریں لیکن دھرنا نہ دیں اور نہ کسی شہر کو جام کریں۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اس قسم کے احتجاج کواگر طاقت سے روکنے کی کوشش کی جائے تو دیگر شہروں میں بھی انارکی پھیلتی ہے،اس وقت بھی یہی ہونے کا امکان ہے کیوںکہ لوگ مہنگائی سے تنگ ہیں اورجب عوام اٹھ کھڑے ہوں اورقیادت نہ ہوتوانارکی ہوجاتی ہے،خدا کے لیے اس کو روکیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کہتے تھے کہ کنٹینراور کھانا دیں گے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اپنا وعدہ پورا کریں۔
نیب کی گرفتاریوں سے متعلق قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آج تک کسی سیاستدان پربدعنوانی ثابت نہیں ہوئی ،اگرآپ کو ثبوت نہیں ملتے تو پگڑیاں بھی مت اچھالیں، کیس کوعدالت میں لے جائیں ثابت ہوگیا تو سزا دیں۔