چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کے زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جسٹس گلزار احمد، وفاقی وزیرقانون اوراٹارنی جنرل منصوراحمد سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس امین الدین خان کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کر دی گئی۔ جسٹس امین الدین خان کا تعلق ملتان سے ہے۔ وہ بارہ مئی 2011ء کو جج ہائیکورٹ تعینات ہوئے تھے۔ جسٹس امین الدین خان اس وقت لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی ریٹائرمنٹ سے سپریم کورٹ میں ایک جج کی آسامی خالی ہوئی تھی۔ اب جسٹس امین الدین خان کی بطور سپریم کورٹ جج تقرری ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں ججز کی 17 آسامیاں مکمل ہو جائیں گی۔