جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے عمران خان کو این آر او نہیں دیں گے جب کہ آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان ایک دو روز میں کریں گے۔
لاہو ر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امید ہے اپوزیشن کے ساتھ جو ڈیکلریشن طے ہواتھا اس پرعمل ہوگا، آپ دیکھیں گے سب ساتھ ہوں گے، ہم پہلے 15 ملین مارچ کرچکے ہیں اوراب بھی اکیلے ملین مارچ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا آزادی مارچ تحفظ ناموس مارچ، بیرونی طاقتوں کے اثر ورسوخ کیخلاف ہوگا، آزادی مارچ پرامن ہوگا اور ہمارا کسی ادارے سے کوئی ٹکراؤ نہیں ہے، ایک دو دن میں آزادی مارچ کی تاریخ فائنل ہو جائے گی۔
جے یوآئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور (ن) لیگ میں ڈیل سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں، ملک میں باربارفراڈحکومتیں بنتی ہیں اورملک کوبیچ دیا جاتاہے اب اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
ان کا کہناتھا کہ عمران خان کو ان کے فیصلوں پر کوئی این آراو نہیں دیں گے، حکومت کشمیرکوبیچ کر اب بین بھی کررہی ہے،قتل حسین بھی ہے ماتم بھی ہے۔
علاوہ ازیں تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ایران جاکر کہا کہ ہماری سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہوئی،کیا یہ شخص ملک کا وزیراعظم ہے یا ملک کے خلاف وعدہ معاف گواہ ہے؟ ان کی پالیسیوں کے باعث ملک معاشی جمود کا شکار ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں۔