سول ایوی ایشن حکام نے ائیرپورٹ پر پروٹوکول دینے والےافسران اورعملے کو خبردار کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی پر ملازم یا افسر کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے سی او او عبید الرحمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ائیرپورٹ پر کسی بھی شخص کو پروٹوکول دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد سول ایوی ایشن کی جانب سے ایئرپورٹ پر پروٹوکول کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی گئی، اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کوئی افسریا عملہ پروٹوکول دیتے ہوئے پایاگیا تو اْسے بلیک لسٹ کردیاجائیگا، یہ بھی بتایا گیا کہ پشاورائیرپورٹ پر لگائی جانے والی پابندی کا اطلاق پاکستان بھرکے ہوائی اڈوں پر ہوگا۔
نوٹی فکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سول ایوی ایشن کی پورٹرسروس کے علاوہ کوئی اورعملہ پروٹوکول نہیں دے سکے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ اگر کسی نے حکم نامے کی خلاف ورزی کی تواْس کا انٹری پاس منسوخ کردیا جائے گا جس کے بعد اْس کی کسی بھی جگہ پوسٹنگ نہیں ہوگی۔