منگلا ڈیم بند ہونے سے 900 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔فائل فوٹو
منگلا ڈیم بند ہونے سے 900 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔فائل فوٹو

منگلا ڈیم کی ٹربائن بند،900 میگاواٹ بجلی بند

آزاد کشمیراورجہلم میں آنے والے زلزلے کے باعث منگلا ڈیم کی جھیل کا پانی گدلا ہوگیا ہے جس کے باعث پاورہاﺅس کی ٹربائنیں بند کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈیم اور بجلی گھر زلزے میں محفوظ رہے ہیں تاہم واپڈا کی ٹیم ڈیم کی ٹیسٹنگ کررہی ہے۔

واپڈ ذرائع کے مطابق جس وقت زلزلہ آیا 900 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، منگلا ڈیم بند ہونے سے 900 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ 900 میگاواٹ شارٹ فال سے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے اور بجلی گھر کی بندش کے باعث لوڈشیڈنگ میں3 سے4 گھنٹے کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زلزلے کے بعد ڈیم چیکنگ کیلیے ڈرلنگ بھی کی جاتی ہے، ٹیسٹنگ کتنی تفصیلی ہوگی، اس کا فیصلہ ٹیکنیکل ٹیم کرے گی۔

ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہوگیا ہے، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پانی صاف ہونے پر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنوں کو دوبارہ چلا دیا جائے گا، منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس میں نصب آلات سے ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔

منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1242 فٹ ہے جبکہ ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 2.9 ملین ایکڑ فٹ ہے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر کے علاقے میرپوراور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔