ملک بھر میں رواں ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا مون سون سسٹم ملک کے شمالی، مشرقی حصوں میں پھیل سکتا ہے اور جمعرات سے مون سون سسٹم مزید مضبوط ہوجائے گا۔
محمکہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا سسٹم جمعہ سے داخل ہونے کا امکان ہے، سسٹم کے زیراثرگلگت بلستان، کشمیر میں بدھ سے جمعرات تک بارش کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ہی اسلام آباد، راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ باش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف ڈسٹرکٹ میں بھی بدھ سے جمعرات تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میرپورخاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نوابشاہ، کراچی، بدین، ٹھٹھہ میں بھی بدھ سے جمعرات تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارش کے باعث مختلف مقامات پرہفتہ سے اتواراربن فلڈنگ کا خطرہ رہے گا۔
کراچی میں گرمی کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گرمی کی شدت ہیٹ ویو جیسی نہیں رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات میں ایک اور ہوا کا کم دباؤ بن رہا رہے جب کہ بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے،کل صبح تک یہ سمندری طوفان اومان کے مغربی ساحل پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں دو روز سے جاری ہیٹ ویو کے بعد کل سہ پہر میں اچانک کالے بادل چھاگئے اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔