آزاد کشمیر میں زلزلے سے آنے والی خوفناک تباہی کے بعد قومی ائیرلائن نے بیرون ملک سے امدادی سامان مفت لانے کا اعلان کردیا۔
پی آئی اے کے صدر و سی ای اوائیرمارشل ارشد ملک نے آزاد کشمیر میں ہونے والے زلزلے اوراس میں قیمتی جانوں کے نقصان پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں ایئرمارشل ارشد ملک نے زلزلہ زدگان کے لیے بیرون ملک سے امدادی سامان کی ترسیل اسلام آباد ائیر پورٹ تک بغیر معاوضہ لانے کا اعلان کیا ہے،اس سلسلے میں بیرون ملک پی آئی اے کے تمام دفاتر کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ آزادکشمیر میں زلزلے نے تباہی مچا دی، ابتدائی طورپرپانچ خواتین اورایک کم سن بچی سمیت 20افراد کے جاں بحق اور300سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جہلم اور گجرات میں بھی کئی افرادعمارتیں گرنے سے زخمی ہوئے ہیں،میرپورمیں سڑکیں پھٹنے کی وجہ سے گاڑیاں زمین میں دھنس گئی ہیں،زلزلے کے بعدآزاد کشمیر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ جاں بحق اورزخمی ہونیوالوں کی تعدادمیں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔