چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے کہاہے کہ میر پوراورجہلم کے علاقے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 10افراد جاں بحق اور100سے زائد زخمی ہوئے ہیں، منگلا سے جاتلاں جانیوالی سڑک اور3پل مثائر ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل کا کہنا تھا کہ زلزلے کے بعد پہلے ایک سے دوروز تک توجہ ریسکیوآپریشن پررہے گی،کل میں خود متاثرہ علاقوں کا جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ زلزلے سے میر پوراورجہلم کے علاقے متاثرہوئے ہیں جبکہ 10افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منگلا سے جاتلاں جانیوالی سڑک اور3پل مثائرہوئے ہیں،زلزلے سے منگلا ڈیم متاثرنہیں ہوا ،منگلا ڈیم کی ٹربائن کچھ دیرکیلیے بند کی گئی تھی ۔
انہوں نے کہا متاثرہ علاقوں میں آج رات کمبل پہنچا دیے جائیں گے۔ خیمے ، اشیائے خورونوش اور ادویات بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے،رضاکارانہ کام کرنیوالے کی ابھی ضرورت نہیں،ضرورت ہوئی تو اس حوالے سے کہا جائے گا۔