وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ زلزلے اور تبدیلی سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی وہ مذمت کرتی ہیں۔
میرپور آزاد کشمیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز تقریب میں غیر رسمی گفتگو کی جارہی تھی جس میں سوشل میڈیا پر تبدیلی کی بات ہورہی تھی، تقریر کے دوران زلزلے سے ہونے والی تباہی، حقائق اور نقصانات کی تفصیلات کا علم نہیں تھا۔
میرے بیان کو سوشل میڈیا پرغلط انداز میں اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی مذمت کرتی ہوں،ایک مخصوص جماعت نے اپنے میڈیا سیل کے ذریعے اس معاملے کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ زلزلے سے متاثرہ افراد کے زخموں پر نمک پاشی کا باعث بنتا رہا جو قابل افسوس ہے، لوگ بیان بازی اور بہتان تراشی کےبجائے زلزلہ متاثرین کی مددکریں، قوم یکجہتی سے مشکلات اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرتی ہے، اس لیے ضروری ہے ہر پاکستانی ذمے دارانہ کردار ادا کرے۔
Firdous Ashiq Awan insensitive earthquake comments#Firdous Ashiq Awan pic.twitter.com/gya2qUdM8v
— Hamid ur Rehman (@HamidurRehman18) September 25, 2019
فردوس عاشق اعوان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقدہ تقریب میں جان لیوا زلزلے کی تباہ کاریوں اورعوامی تکلیف یکسر نظر انداز کرتے ہوئے کہا تھا جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے بے تابی ہوتی ہے، یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اسے بھی اتنی جلدی تبدیلی قبول نہیں۔